ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہشت گردی کا ہر واقعہ ہمارے عزم کو مضبوط بناتا ہے: وزیراعظم نواز شریف

دہشت گردی کا ہر واقعہ ہمارے عزم کو مضبوط بناتا ہے: وزیراعظم نواز شریف

Thu, 11 Aug 2016 16:47:48    S.O. News Service

اسلام آباد ،11؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کوئٹہ میں دہشت گردانہ حملے کے دو روز بعد پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کا جلد ہی خاتمہ کر دیا جائے گا اور اس کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکومت پاکستان ملک کو تمام نسلوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے محفوظ بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ دو روز قبل کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 72افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے میں کوئٹہ کے وکلاء کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو مات دینے کے لیے پاکستان کی خفیہ ایجنسیاں دن رات کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ایک متفقہ قومی ایجنڈا ہے، جس کو ہر صورت پایہء تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔نواز شریف نے کہا، کوئٹہ حملے کے پیچھے وہی سوچ ہے، جس کے تحت دیگر دہشت گردانہ حملوں کے ذریعے پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا، کوئٹہ حملہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا، یہ سوچ پاکستان اور خصوصی طور پر بلوچستان میں امن کی دشمن ہے۔

وزیراعظم کے خطاب کے بعد وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے نام لیے بغیر محمود خان اچکزئی کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں انہوں نے ان سکیورٹی اور خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کو اس وجہ سے بر طرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا کہ وہ کوئٹہ حملہ روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے ملک کی ایجنسیوں کو مورد الزام ٹہرانے کے بجائے ہمسایہ ممالک کی پاکستان میں سرگرمیوں کی مذمت کرنی چاہیے۔


Share: